کراچی9اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی کی طرح فوج بھی پاناما کیس کے انصاف اور میرٹ پر فیصلے کی منتظر ہے۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفورنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ 'برطانیہ میں پاناماکے سوال پر میرا جواب سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جبکہ ہرپاکستانی کی طرح پاکستانی فوج بھی پاناما کیس کے انصاف اور میرٹ پر فیصلے کی منتظر ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل ایک خبر میں کہا گیا تھا کہ 'پاکستانی فوج پاناما کیس سے متعلق جوبھی فیصلہ ہوااس کو قبول کرے گی، جبکہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ فیصلہ کیا آتا ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ان دنوں برطانیہ کے دورے پرہیں،جہاں میجر جنرل آصف غفور بھی ان کے ہمراہ ہیں جنہوں نے چند روز قبل وہاں میڈیاکوبریفنگ بھی دی تھی۔یادرہے کہ23 فروری کو سپریم کورٹ میں پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت مکمل ہوگئی تھی اورجسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بنچ نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔جسٹس آصف کھوسہ کا کہنا تھا کہ فیصلے کاکوئی شارٹ آرڈر جاری نہیں ہوگا، بلکہ تفصیلی فیصلہ ہی جاری کیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کیس کا فیصلہ مناسب وقت پرسنایاجائے گا اور20 سال کے بعد بھی لوگ کہیں گے کہ یہ فیصلہ قانون کے عین مطابق تھا۔